میمن برادری کا جہاں قیام وہاں فلاحی خدمات کا نظام، اقبال میمن
جدہ (زبیر پٹیل) میمن ویلفیئر سوسائٹی جدہ دنیا بھر سے آنے والے اپنی برادری کے رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ حال ہی میں عمرے کیلئے آئے ہوئے مہمانوں کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جن میں آل انڈیا میمن فیڈریشن کے صدر اقبال میمن آفیسر، سعودی عرب کے عبدالکریم یحییٰ منشی، کینیڈا سے آئے ہوئے الطاف کھانڈ والا، احمد عبدالکریم، محمد چھاپرا، الیاس کاپڑیا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ جنوبی افریقہ سے مہمانان بھی اس افطارڈنر میں شریک ہوئے۔ اقبال ایڈوانی اور محمد بدیع نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ افطار ڈنر کے درمیانی وقت میں چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی ابتداءتلاوت قرآن پاک کے بعد صدر میمن ویلفیئر عرفان احمد کولسا والا نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے مختصراً سوسائٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔طیب موسانی نے حال ہی میں ممبئی میں ہونے والے میمن کنونشن کا خصوصی ذکر کیا جس میں ہند کی 50میمن جماعتوں اور بیرون ملک سے مندوبین بھی شریک ہوئے۔ اسی کنونشن میں عرفان کولسا والا اور طیب موسانی کو سماجی و فلاحی خدمات پر ایوارڈ سے بھی نوازاگیا۔ اس کے بعد مہمان خصوصی اقبال میمن آفیسر نے تقریب سے خطاب میں میمن برادری کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا میں جہاں بھی میمن برادری کا قیام ہو، وہاں فلاحی خدمات کا نظام خود بخود وجود میں آجاتا ہے۔ تقریب سے عبدالکریم یحییٰ منشی نے بھی خطاب کیا۔ اقبال آفیسر کو انکی خدمات کے عوض یادگاری شیلڈ میمن ویلفیئر جدہ کی جانب سے پیش کی گئی۔ آخر میں یونس حبیب نے تمام حاضرین اور تقریب کے انعقاد میں معاونت کرنے پر شعیب سکندر، منصور شیوانی، رشید کاسمانی اور احمد کمال مکی کا شکریہ ادا کیا۔ عشائیے کے بعد تقریب اختتام کو پہنچی۔