Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہو گیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عمر ایوب خان کو آزاد اراکین کا حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا ہے۔
منگل کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں انہوں نے عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کر دیا۔
عمر ایوب خان کو آزاد اراکین کا حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹیفیکیشن نہ ہونے پر وہ سنی اتحاد کونسل کے اپوزیشن لیڈر نہیں ہوں گے کیونکہ سنی اتحاد کونسل کی پارلیمنٹ میں کوئی نشست نہیں۔

آزاد ارکان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ تسلیم

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آزاد ارکان کو تحریک انصاف کا حمایت یافتہ تسلیم کرلیا ہے۔ سرکاری دستاویز میں آزاد ارکان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ قرار دیا گیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونا تسلیم نہیں کیا گیا۔
قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کیا۔
اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے کاغذات جمع کرنے کا وقت یکم اپریل کی شام چھ بجے تک تھا۔

عمر ایوب خان کو آزاد اراکین کا حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر قرار دیا گیا ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)

خیال رہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد 86 آزاد اراکین نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی تھی ان میں بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب شامل نہیں تھے۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر مقرر کیے جانے کے بعد عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی اور قیادت کا مشکور ہوں، سپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا اور ہماری موجودگی میں سکروٹنی کی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پارلیمنٹ میں پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرنے کے لیے آئے ہیں۔ یہاں بیساکھیوں کے ذریعے لوگوں کو یہاں لایا گیا جسے ہم ریجیکٹ کرتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان کے عوام کو جو مہنگائی کی چکّی میں پس رہے ہیں انہیں شعور دیں گے اور حکومت کی غلط اکنامک پالیسیاں سامنے لائیں گے۔‘

شیئر: