Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا حکومت کا پنجاب کو خط، بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست

خط میں بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر زہریلی خوراک کھلائے جانے سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
خیبر پختونخوا کی حکومت نے اپنے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کے ذریعے پنجاب حکومت سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست کی ہے۔
وزیر صحت خیبر پختونخوا نے بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر صحت خیبر پختونخوا سید قاسم علی شاہ نے بدھ کو چیف سیکرٹری پنجاب کے نام ایک خط تحریر کیا ہے۔
خط میں صوبائی وزیر صحت نے بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر زہریلی خوراک کھلائے جانے سے متعلق خبروں پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ’خیبر پختونخوا حکومت اپنے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کے ذریعے بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنا چاہتی ہے۔‘ 
’ڈاکٹروں پر مُشتمل پینل بشریٰ بی بی کا تفصیلی معائنہ کرے گا تاکہ زہریلی خوراک کی فراہمی کی تصدیق یا تردید ہوسکے۔‘
سید قاسم علی شاہ نے خط میں مزید کہا کہ ’طبی معائنہ اور صحت کی خدمات تک رسائی ہر انسان کا بنیادی آئینی حق ہے۔‘
وزیر صحت خیبر پختونخوا نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتِ پنجاب اس خط کا مثبت جواب دے گی۔

شیئر: