ایئرپورٹ سے سواری اٹھانے پر 648 افراد گرفتار
جمعرات 4 اپریل 2024 16:06
’اجازت نامے کے بغیر سواری اٹھانے پر 582 گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایئرپورٹ سے سواری اٹھانے پر 648 افراد کو گرفتار جبکہ 582 گاڑیاں ضبط کرلی گئی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’وزارت داخلہ کے تعاون سے یہ کارروائی 17 رمضان سے 23 رمضان کے درمیان کی گئی ہے‘۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ’اجازت نامے کے بغیر ایئرپورٹ سے سواریاں اٹھانے پر 5 ہزار ریال جرمانہ اور گاڑی ضبط ہوسکتی ہے‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’ایئرپورٹ سے ٹیکسی کی سہولت کی فراہمی کے لیے خصوصی ادارے قائم ہیں جن کے پاس یہ سروس فراہم کرنے کا اجازت نامہ ہے‘۔
’مسافروں کو ایئرپورٹ پر جگہ جگہ آگاہ کیا جاتا ہے کہ یہاں ٹرانسپورٹ کی کیا کیا سہولتیں موجود ہیں‘۔
واضح رہے کہ ایئرپورٹ سے مسافروں کو خصوصی لیموزین، ٹرین، بس اور رینٹ اے کار کی سہولت دستیاب ہے۔