امریکہ میں لاپتہ ہو کر 2 ہزار میل دور جانے والا کتا مالکان کو کیسے ملا؟
یہ کتا گذشتہ برس جولائی میں غائب ہو گیا تھا (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لاپتہ ہونے والا کتا اپنے گھر سے دو ہزار میل سے زیادہ دور پایا گیا اور تقریباً ایک سال بعد مالکان کو مل گیا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مشی گن کی وسط مغربی ریاست میں ہارپر ووڈس کے قریب ایک رہائشی کی طرف سے آوارہ کتے کی اطلاع کے بعد پولیس نے مشکا نامی ٹیریر مکس کو اٹھایا اور اسے جانوروں کی پناہ گاہ میں لے گئی۔ یہ کتا گذشتہ برس جولائی میں غائب ہو گیا تھا۔
’گراس پوائنٹ اینیمل اڈاپشن سوسائٹی‘ (جی پاس) کے عملے نے دیکھا کہ کتے کے گلے کے گرد ایک مائیکروچپ ہے، جس نے اس کے مالکان کی شناخت 23 سو میل دور سان ڈیاگو میں کی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس نے اتنا طویل سفر کیسے طے کیا۔
جی پاس نے بتایا کہ مالک مہریڈ ہومن اور اس کا خاندان مڈ ویسٹرن شہر منیاپولس میں مشکا کے ملنے کے وقت چھٹیوں پر تھے۔ انہیں پناگاہ تک پہنچنے میں میں 10 گھنٹے لگے۔
جی پاس نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ ایک ایسی کہانی ہے جسے ہالی ووڈ بتانا پسند کرے گا۔‘
گروپ کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں مشکا نامی چھوٹے سفید بالوں والے کتے کو اپنے مالکان کو دیکھ کر اپنی دم ہلاتے ہوئے دکھایا گیا۔
جی پاس نے لکھا کہ ’یہ وہ خوش کن انجام ہے جو ہم سب چاہتے تھے۔‘
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مشکا کو جانوروں کے ڈاکٹر نے چیک کیا اور اس کے بعد اسے اپنے مالکان کے ساتھ کیلیفورنیا واپس بھیج دیا گیا۔