شام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، سفارتی ذرائع
شام کے شہریوں نے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سفارتی ذرائع کے مطابق شام کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا آج پیر کو ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے متعدد سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد شام کے حوالے سے آج ایک ہنگامی بند دروازہ اجلاس طلب کیا ہے۔
یہ اجلاس جو اتوار کو روس کی درخواست پر دن کے تین بجے شیڈول کیا گیا، شام کے حوالے سے ہو گا۔
اتوار کو عسکریت پسندوں نے صدر بشار الاسد کے 24 سالہ اقتدار کا خاتمہ کر کے دارالحکومت پر قبضہ کر لیا تھا۔
عسکریت پسندوں نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہم شام کے عوام کو اپنے قیدیوں کی رہائی اور زنجیروں سے آزادی اور سیدنایا جیل میں ناانصافی کے دور کے خاتمے کی خوش خبری دیتے ہیں۔‘
روس کے ایک سرکاری سورس نے طاس اور ریا نووستی نیوز ایجنسیز کو بتایا کہ ’بشار الاسد اور ان کے خاندان کے افراد ماسکو پہنچے ہیں۔ روس نے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ کی پیشکش کی ہے۔‘
بشار الاسد دارالحکومت دمشق میں عسکریت پسندوں کے داخل ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے اور انہوں روانگی سے قبل پُرامن انتقال اقتدار کا حکم جاری کیا تھا۔