ٹریفک چالان رعایتی مہم کے حوالے سے جعل سازوں سے خبردار رہیں، ابشر کا انتباہ
کسی نامعلوم میل یا لنک کو نہ کھولا جائے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کے زیر انتظام ’ ابشر‘ پورٹل کی انتظامیہ نے خبردارکیا ہے کہ ’ ٹریفک چالان رعایتی مہم‘ کے حوالے سے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں۔
سبق نیوز کے مطابق ابشر پورٹل کی انتظامیہ نے صارفین کو جعل سازوں سے محفوظ رہنے کےلیے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال میں مبتلا نہ ہوں۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی ای میل یا موبائل پیغام جس میں ٹریفک چالان کی رعایت کے حوالے سے کہا گیا ہو اس پر توجہ نہ دی جائے۔
انتظامیہ نے جعل سازی کی کارروائیوں کے حوالے سے توجہ دلاتے ہوئے مزید کہا ہے کہ جعل سازوں کی جانب سے سادہ لوح افراد کو گمراہ کرنے کے لیےمختلف طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ابشر پورٹل نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہیش ٹیگ ’آپ استعمال نہ ہوجائیں‘ بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ٹریفک چالان کے حوالے سے رعایتی مہم جاری کی گئی ہے اس سے مستفیض ہونے کےلیے کسی کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں تمام معاملات خود کار طریقے سے انجام دیئے جاتے ہیں اس لیے ہوشیار رہیں اور جعل سازوں کے چنگل میں نہ آئیں۔
واضح رہے سعودی وزراء کونسل کی جانب سے ٹریفک چالان کی ادائیگی کے حوالے سے رعایتی مہم 18 اپریل 2024 سے شروع کی جارہی ہے جس کے تحت ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی میں 50 اور 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔
جعل سازوں کی جانب سے رعایتی مہم کو بھی استعمال کیا جاسکتا جس کے لیے وہ سادہ لوح افراد کو یہ تاثردے سکتے ہیں کہ ٹریفک جرمانوں میں رعایتی مہم سے مستفیض ہونے کےلیے مخصوص فارم بھرا جائے یا ذاتی معلومات فراہم کی جائیں۔
ابشر پورٹل پر خبردار کیا گیا ہے کہ اس قسم کے کسی بھی پیغام یا ای میل پرتوجہ نہ دی جائے کیونکہ رعایتی مہم سرکاری طورپرجاری کی جائے گی جس میں کسی قسم کا فارم وغیرہ نہیں بھرا جائے گا۔