Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کی بولنگ زبردست ہے‘ روہت شرما پاکستان انڈیا ٹیسٹ سیریز کے خواہشمند

روہت شرما نے کہا ’پاکستان کے پاس شاندار باؤلنگ لائن اپ ہے‘۔ (فوٹو: کلب پریری فائر یوٹیوب چینل)
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کی پوڈ کاسٹ ’کلب پریری فائر‘ میں روہت شرما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیسٹ سیریز کے حق میں ہوں، یہ واقعی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے لاجواب تجربہ ہوگا۔
پوڈ کاسٹ میں مائیکل وان نے روہت سے سوال کیا ’آپ کو نہیں لگتا کہ انڈیا کا پاکستان سے باقاعدگی سے کھیلنا ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اچھا ہوگا؟‘ جس پر روہت نے جواب دیا ’میں اس پر پوری طرح یقین رکھتا ہوں، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہیں۔‘
روہت شرما نے پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’پاکستان کے پاس شاندار باؤلنگ لائن اپ ہے۔ میرے خیال میں یہ ایک اچھا مقابلہ ہوگا، خاص طور پر اگر میچز بیرون ملک گراؤنڈز میں کھیلے جائیں۔‘
مائیکل وان نے روہت سے پوچھا ’کیا آپ پاکستان کے ساتھ ریگولر سیریز کھیلنا پسند کریں گے؟‘ جس پر انڈین کپتان نے کہا ’میں ایسا ضرور چاہوں گا، آخر کار ہمیں کرکٹ ہی کھیلنی ہے۔ ویسے بھی ہم آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہی ہیں۔‘
روہت شرما نے مزید کہا ’مجھے صرف کرکٹ میں دلچسپی ہے، میرا یہ بات کرنے کا اور کوئی مقصد نہیں ہے۔ یہ بیٹ اور بال کی کرکٹ ہی تو ہے، یہ ایک شاندار مقابلہ ہوگا، تو کیوں نہیں؟‘
واضح رہے آخری بار انڈیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ 2007 میں بنگلورو میں کھیلا گیا تھا۔ انڈیا نے تین میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی تھی۔
 

شیئر: