خطے میں کشیدگی بڑھانے کے خواہاں نہیں، ایران کا امریکہ کو پیغام
جمعرات 18 اپریل 2024 13:45
امریکہ اور دیگر اتحادیوں نے ایرانی حملے کو روکنے میں اسرائیل کی مدد کی (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے امریکہ کو بتایا ہے کہ وہ اسرائیل پر غیر معمولی حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا ہے۔
ایران نے اسرائیل پر اپنا پہلا براہ راست حملہ کیا جس پر اسرائیل کے آرمی چیف نے ردعمل کا عزم کیا۔ یہ یکم اپریل کو دمشق میں تہران کے قونصل خانے پر کیے گئے فضائی حملے کا بدلہ تھا۔ ایران نے اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ان کے ملک نے ’امریکہ کو واضح طور پر بتانے کی کوشش کی ہے کہ ایران خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کا خواہاں نہیں ہے۔‘
ایران اور امریکہ کے درمیان 1980 سے کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں لیکن غیر جانبدار سوئٹزرلینڈ ایران میں واشنگٹن کے مفادات کی نمائندگی کرتا ہے۔ امریکہ اور ایران دونوں ثالث کے طور پر سوئٹزرلینڈ کردار کو مانت ہیں۔
امیر عبداللہیان کے مطابق ایران نے اسرائیل پر حملہ کرنے سے پہلے اور بعد میں واشنگٹن سے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکہ کو مطلع کیا کہ ایران کی طرف سے ’(اسرائیل) حکومت کو جواب دیا جا چکا ہے اور یہ معاملہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔‘
اسرائیل کے خلاف ایران کی جوابی کارروائی سے ایک لڑکی شدید زخمی ہوئی لیکن اسے بہت کم نقصان پہنچا۔ ایران کا یہ حملہ دمشق میں حملے کے بعد ہوا جس میں دو جنرلز سمیت ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز کور کے سات ارکان ہلاک ہوئے۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ آپریشن سے پہلے ہم نے امریکہ کو واضح طور پر بتا دیا تھا کہ ’ہم خطے میں امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔‘
ایران نے اس حملے کو کامیابی کے طور پر منایا ہے لیکن صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل کی جانب سے مزید ’جارحیت‘ کے نتیجے میں سخت جواب دینے کا کہا ہے۔
نیویارک کے اپنے دورے کے دوران امیر عبداللہیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
اسرائیل کے سب سے بڑے اتحادی امریکہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے کے بعد جلد ہی ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام پر نئی پابندیاں عائد کرے گا اور یہ بھی کہا ہے کہ وہ اتحادیوں سے متوازی اقدامات کی توقع رکھتا ہے۔
امریکہ اور دیگر اتحادیوں نے ایرانی حملے کو روکنے میں اسرائیل کی مدد کی۔