اسرائیل پر داغے گئے ایرانی میزائلوں کے ٹکڑے فروخت کے لیے ویب سائٹ پر موجود
اسرائیل پر داغے گئے ایرانی میزائلوں کے ٹکڑے فروخت کے لیے ویب سائٹ پر موجود
بدھ 17 اپریل 2024 20:10
ادائیگی میں قسطوں کی سہولت کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ فائل فوٹو ایکس
اسرائیل پر حالیہ حملے کے دوران ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے ٹکڑے اردن کی معروف ویب سائٹاوپن سُوق پر فروخت کے لیے سامنے آئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ویب سائٹ عام طور پر گاڑیوں، ریئل اسٹیٹ اور دیگر اشیا کی تجارت کے لیے جانی جاتی ہے۔
العربیہ نے اتوار کو رپورٹ کیا کہ اسرائیل کی جانب داغے گئے میزائلوں کی تشہیر کی جا رہی تھی۔
ان میزائلوں کے ٹکڑوں کو ’استعمال شدہ ایرانی میزائل اچھی حالت میں برائے فروخت‘ اور ’ایک بار استعمال شدہ بیلسٹک میزائل پرکشش قیمت میں برائے فروخت‘ کے سلوگنز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فروخت کنندگان نے میزائلوں کی تصاویر و تفصیل بھی فراہم کی ہے اور انہیں ’بہترین‘ بتایا ہے۔
تشہیر میں میزائلوں کے ایک ’حادثے‘ میں ملوث ہونے کا ذکر ہے جس کے نتیجے میں ان کی باڈی کو نقصان پہنچا ہے۔
مزید یہ کہ ادائیگی میں قسطوں کی سہولت کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے گذشتہ سنیچر کو رات گئے اسرائیل کی جانب ڈرون اور میزائل داغے تھے۔
یہ رواں ماہ کے آغاز میں شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے سے متصل عمارت پر مشتبہ اسرائیلی حملے کے بعد جوابی کارروائی تھی۔
اسرائیل نے امریکہ، برطانیہ، فرانس اور اردن کے مشترکہ ردعمل سے ایرانی ڈرونز کے حملے کو روکا۔
یہ حملہ اسرائیل کی سرزمین پر ایران کا پہلا براہ راست فوجی حملہ تھا جس سے خطے میں کشیدگی اور غیر یقینی صورت حال میں اضافہ ہوا۔
حملے کے بعد ڈرونز اور میزائل کی تصاویر آن لائن شیئر کی گئیں جن میں اردن کی سرزمین پر الحسا، مرج الحمام اور کرک گورنری جیسے علاقوں میں ملبہ گرا ہوا دکھایا گیا تھا۔
اردن کی حکومت نے تصدیق کی کہ اس نے اپنی فضائی حدود میں کچھ ڈرونز کو روکا جس میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔