Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس: ایرانی قونصل خانے کے سامنے خود کو اڑانے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

پولیس کے مطابق ایک شخص نے ایرانی قونصل خانے کے سامنے خود کو اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانس کی پولیس نے دارالحکومت پیرس میں واقع ایرانی قونصل خانے کے سامنے خود کو اڑانے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس سے قبل جمعے کو دھمکی آمیز رپورٹس موصول ہونے کے بعد پولیس نے ایرانی قونصل خانے کو گھیرے میں لے لیا تھا تاہم موقع سے کوئی ہتھیار ملنے کے حوالے سے تصدیق نہیں کی۔
پولیس ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایک شخص کو جمعے کے دن مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے قونصل خانے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
پیرس پولیس کے اہلکار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت کی تصدیق کر رہے ہیں اور یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کیا اس کے پاس ہتھیار موجود تھے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ مشتبہ شخص نے ہاتھ میں بظاہراً گرینیڈ اور دھماکہ خیز مواد سے بھری جیکٹ اٹھا رکھی تھی۔
پولیس کے مطابق اہلکار موقع پر موجود تھے اور عوام کو علاقے میں جانے سے گریز کرنے کا کہا ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں فراہم کیں۔
آر اے ٹی پی میٹرو کمپنی نے بتایا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر قریبی میٹرو لائن کی سروس بھی تعطل کا شکار رہی۔
 ایرانی سفارتخانے کے اہلکار نے روئٹرز کو صورتحال سے متعلق تفصیلات دینے سے انکار کیا ہے۔
یہ واضح نہیں کہ اس واقعے کا تعلق ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ جمعے کی صبح ایران کے شہر اصفہان میں دھماکے سنے گئے تھے جن کو ذرائع نے اسرائیلی حملہ قرار دیا تھا تاہم تہران نے اس واقعے کو اہمیت نہ دیتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ جوابی کارروائی کا ارادہ نہیں ہے۔

شیئر: