Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز اے ٹیم کا دورۂ نیپال، کھلاڑیوں نے ایئرپورٹ اپنا سامان پِک اپ پر خود لوڈ کیا

اس دوسرے کے لیے ویسٹ انڈین اے ٹیم کی قیادت روسٹن چیس کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کی اے کرکٹ ٹیم پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے نیپال پہنچ گئی ہے۔
ویسٹ انڈین اے ٹیم کے نیپال پہنچنے پر حیران کن خبر سامنے آئی کہ مہمان کھلاڑیوں کو کھٹمنڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینے کے لیے پِک اپ گاڑی آئی جس میں کھلاڑیوں نے اپنا سامان خود لوڈ کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی اے ٹیم کے کھلاڑی ایک ایک کر کے اپنا سامان پک اپ گاڑی میں رکھ رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز اے اور نیپال کے درمیان پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 27 اپریل سے ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تمام میچز کِرتی پُور کے تری بُھوون یونیورسٹی انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
اس دوسرے کے لیے ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت روسٹن چیس کر رہے ہیں جبکہ سکواڈ میں ایلک اتھانزے، فیبین ایلن، کدیم الینے، جوشوا بِشپ، کِیسی کارٹی، جونس چارلس، مارک ڈیل، آندرے فلیچر، میتھیو فورڈ، اوبڈ مککوئے، گداکیش موٹی، کِیمو پاؤل، اوشین تھامس اور ہیڈن والش شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز اے اور نیپال کے درمیان یہ سیریز رواں برس جون میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
اس ورلڈ کپ میں نیپال کو گروپ ڈی میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کے ساتھ شامل کیا گیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز، یوگنڈا، پاپوا نیو گنی، نیوزی لینڈ اور افغانستان گروپ سی میں شامل ہیں۔ 

شیئر: