Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپیل نہیں تو رن آؤٹ بھی نہیں؟‘ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 میچ میں دلچسپ واقعہ

گلین میکسویل 55 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ویسٹ انڈین بیٹر الزاری جوزف کریز سے کچھ دوری کے فاصلے پر رن آؤٹ ہوگئے تاہم انہیں امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیا گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ آسٹریلیا کی جانب سے 242 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے 18ویں اوور کی دوسری گیند پر الزاری جوزف نے شاٹ کھیلی اور پھر سنگل لیا۔
اس دوران فیلڈر نے گیند پکڑ کر نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود بولر سپینسر جانسن کو پھینکی جنہوں نے روایتی طریقے سے الزاری جوزف کو رن آؤٹ کیا، تاہم بولر سمیت کسی بھی آسٹریلوی فیلڈر نے رن آؤٹ کی اپیل نہ کی۔
اس دوران جب رن آؤٹ کا ریپلے دیکھا گیا تو الزاری جوزف کریز سے باہر تھے اور اگر آسٹریلوی کھلاڑی اپیل کرتے تو وہ آسانی سے رن آؤٹ ہو جاتے، تاہم امپائر جیرارڈ ابوڈ نے انہیں آؤٹ نہ دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کی گئی ویڈیو میں امپائر جیرارڈ ابوڈ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کسی نے رن آؤٹ کی اپیل نہیں کی۔
اس دوران آسٹریلوی کھلاڑی ٹِم ڈیوڈ کہتے ہیں کہ ’میں سچ کہہ رہا ہوں کہ میں نے اپیل کی تھی۔‘
 
آسٹریلوی کھلاڑیوں سے بات کرنے کے بعد امپائر جیرارڈ ابوڈ انہیں دوبارہ سے کھیل شروع کرنے کا حکم دیتے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے گلین میکسویل کی 120 رنز کی دھواں دھار اننگز کے بدولت 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔
گلین میکسویل 55 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا سکی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان روومان پاول نے 63، آندرے رسل نے 37 اور جیسن ہولڈر نے 28 رنز بنائے جبکہ کینگروز کی طرف سے مارکس سٹوئنس نے تین جبکہ سپینسر جانسن اور جوش ہیزل وُڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شیئر: