جمعیت اہلحدیث نے ایران کی مذمت کردی
ریاض .... پاکستان میں دفاع حرمین شریفین تحریک اور مرکزی جمعیت اہلحدیث نے اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف المالکی اور سعودی ناظم الامور مروان مرداد کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں، وزراء اور سفراءکو مدعو کیاگیا گیا۔ اس موقع پر تقریب کے شرکا ءنے حرمین شریفین کے دفاع کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بیحد مضبوط ہیں،دیرینہ ہیں۔ مستقبل میں مزید مضبوط ہونگے۔ ہم حرمین شریفین کے دفاع سے متعلق سعودی اقدامات کے حامی ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سعودی عرب اسلام او راسکے پیرو کاروں کی زبردست خدمت کررہا ہے۔ اسلامی فکرسپریم کونسل کے رکن مولانا علی محمد ابو تراب نے کہاکہ دہشتگردی اور فرقہ وارایت کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے ہم حامی ہیں او ردنیا بھر میں امن و امان کی خاطر خادم حرمین شریفین کے فیصلوں کی تائید کرتے ہیں۔ شرکاءنے مسلم ممالک کے اندرونی امور میں ایرانی مدخلت کی مذمت کی۔