Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024: انڈین سکواڈ کا اعلان، کار حادثے کے بعد رشبھ پنت کی واپسی

شبھمن گل اور رنکو سنگھ کو فاسٹ بولرز خلیل احمد اور آویش خان کے ساتھ ریزرو میں جگہ دی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے انڈین سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے منگل کو 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا جس کی قیادت روہت شرما کریں گے۔
سکواڈ کے اعلان سے قبل انڈین کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کے انتخاب کے بارے میں کافی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں اور متعدد کھلاڑیوں کے نام سامنے آرہے تھے۔ آخر کار رشبھ پنت اور سنجو سیمسن کو بطور وکٹ کیپر منتخب کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ رشبھ پنت دسمبر 2022 میں کار حادثے کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد وہ ایک سال سے زائد عرصے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
ایک اور کھلاڑی جو سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے وہ شیوان دوبے ہیں جو اس وقت انڈین پریمیئر لیگ میں کافی اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ 30 سالہ شیوان نے افغانستان کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز میں نمایاں رہنے کے بعد ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی۔ 
بولنگ کا ذکر کیا جائے تو انڈیا نے رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل پر مشتمل سپن بولنگ لائن اپ کا انتخاب کیا ہے جب کہ پیس بولرز کی فہرست میں جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج اور نائب کپتان ہاردک پانڈیا شامل ہیں۔ 
دوسری جانب انڈین سکواڈ کے بیٹرز میں یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی اور سوریا کمار یادیو کپتان روہت شرما کے ساتھ ٹاپ آرڈر میں شامل ہیں۔ 
شبھمن گل اور رنکو سنگھ کو فاسٹ بولرز خلیل احمد اور آویش خان کے ساتھ ریزرو میں جگہ دی گئی ہے جب کہ انڈین سکواڈ میں جو ایک بڑا نام غائب ہے وہ کے ایل راہول کا ہے۔
انڈیا کو ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں روایتی حریف پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا اور شریک میزبان امریکہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ان کے میچز کا آغاز 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کو 25 مئی تک اپنے سکواڈز میں تبدیلیاں کرنے کی اجازت ہے جس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری درکار ہوگی۔

شیئر: