ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ٹرافی ٹور کا آغاز، 15 ممالک میں جائے گی
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ٹرافی ٹور کا آغاز، 15 ممالک میں جائے گی
بدھ 20 مارچ 2024 9:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 شروع ہونے میں تین ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے (فوٹو: آئی سی سی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ٹرافی ٹور کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
ٹرافی ٹور کی لانچنگ تقریب نیویارک کی مشہور ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر بلڈنگ کو ورلڈ کپ تھیم کے نیوی بلیو اور پنک رنگوں میں روشن کیا گیا تھا۔
ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کو ورلڈ کپ تھیم کے رنگوں میں روشن کیا گیا۔ فوٹو: آئی سی سی
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور دو بار کے ٹی 20 ورلڈ کپ چیمپیئن کرس گیل نے امریکی بولر علی خان کے ساتھ مل کر ٹرافی ٹور کی لانچنگ کی۔
ورلڈ کپ چیمپیئن کرس گیل اور بولر علی خان نے ٹرافی ٹور لانچ کیا۔ فوٹو: آئی سی سی
اس ٹور میں دنیا بھر سے 15 ممالک شامل ہوں گے جن میں ٹرافی مختلف سٹیڈیمز، کھیلوں کی ٹیموں، مشہور بلڈنگز اور لیجنڈری کرکٹرز سے ہو کر گزرے گی۔ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔
ان 15 ممالک کے علاوہ ٹرافی نئے شائقین کو کرکٹ کی طرف راغب کرنے کے لیے ارجنٹائن، برازیل اور کینیڈا جیسے ابھرتے ہوئے ممالک کا بھی دورہ کرے گی۔
آٹھ میچوں کی میزبانی نیو یارک کرے گا۔ فوٹو: آئی سی سی
ٹرافی کو 18 سے 23 مارچ تک نیویارک، ڈیلس اور ہوسٹن کا ٹور کرایا جائے گا، امریکہ کے بعد ورلڈ کپ ٹرافی ویسٹ انڈیز جائے گی۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر، مارکیٹنگ اور کمیونیکیشنز کلیئر فرلانگ کا کہنا ہے کہ ’آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 شروع ہونے میں تین ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے، اس بات کی توقع ہے کہ یہ امریکہ میں کرکٹ کے لیے ایک تاریخی دور ہو گا۔"
یہ امریکہ میں ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہو گا جس میں 34,000 نشستوں والا ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم، ڈیلس کا گرینڈ پریری کرکٹ سٹیڈیم اور لاڈرہل میں بروورڈ کاؤنٹی سٹیڈیم شامل ہوں گے۔
نیویارک آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ دیگر دو مقامات پر چار، چار میچز ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا شریک میزبان ہے، یہاں انٹیگوا اور باربوڈا، بارباڈوس، گیانا، سینٹ لوشیا، سینٹ ونسنٹ، گریناڈائنز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو جیسے مشہور مقامات پر میچز ہوں گے۔