مملکت اور ازبکستان میں مثالی تعلقات ہیں، شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان
توانائی کے شعبے میں دوطرفہ سرمایہ کاری 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیزبن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ازبکستان کے مابین مختلف شعبوں میں مثالی تعلقات قائم ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقدہ تیسرے بین الاقوامی سرمایہ کاری فورم کے مذاکراتی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرازبک صدر شوکت مرزایویف بھی موجود تھے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے مزید کہا دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سال 2022 میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور ازبک صدر شوکت مرزایویف کی ریاض میں ملاقات ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا سعودی عرب اور ازبکستان کے مابین مختلف شعبوں کی طرح توانائی کے سیکٹر میں بھی مشترکہ تعاون جاری ہے جس سے دونوں ممالک اور انکے عوام مستفیض ہوں گے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون ایک ایسے مثالی ماڈل کی نشاندہی کرتا ہے جو باعث تقلید ہے، خاص طور پر’ازبکستان کی حکمت عملی 2030‘ اور ’مملکت کا ویژن 2030 ‘ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ اہداف میں ترقی اور عوام کے لیے خوشحال مستقبل کی تعمیر کو یقینی بنانا شامل ہے۔
شعبہ توانائی میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے دوطرفہ سرمایہ کاری 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔