Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں غیرملکی طلبہ سٹڈی ویزا اور گولڈن اقامہ کیسے حاصل کریں؟

طلبہ کو ڈگری کے ساتھ یونیورسٹی کی جانب سے ایک لیٹر درکار ہوگا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی طلبہ کے لیے ’سٹڈی ویزے‘ کے طریقہ کار کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی طلبہ خواہ وہ اپنے والدین کے ہمراہ امارات میں مقیم ہوں یا امارات کی کسی بھی یونیورسٹی سے انہیں سٹڈی کا این او سی جاری کیا گیا ہو۔
امارات الیوم کے مطابق ایسے غیرملکی طلبہ جو مثالی کارکردگی کے حامل ہوں گے انہیں 10 برس کا گولڈن اقامہ جاری کیا جائے گا۔
امارات کی مختلف جامعات میں غیرملکی طلبہ کی رجسٹریشن اور ان کے داخلے و ویزے کے معاملات کو مکمل کرنے کےلیے ’سٹوڈنٹ افیئرز‘ کے نام سے دفتر مخصوص کیا گیا ہے۔
ابتدائی طورپر سٹوڈنٹ ویزا ایک برس کےلیے جاری کیا جاتا ہے جس میں بعدازاں ایجوکیشن ادارے کی جانب سے جاری این اوسی کی بنیاد پر توسیع کرائی جاسکتی ہے۔
ایسے غیرملکی افراد جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امارات میں مقیم ہیں ان کے بچے (لڑکے) 25 برس کی عمر تک طالب علم کے ویزے پر رہ سکتے ہیں۔
بعدازاں انہیں اپنے تعلیمی ادارے سے تحریری ثبوت پیش کرنا ہوگا کہ ان کا بچہ ہنوز زیر تعلیم ہے۔ والدین کے ہمراہ رہنے والی طالبات کے لیے عمر کی شرط عائد نہیں کی جاتی۔
سٹوڈنٹ ویزا جاری کرانے کےلیے تعلیمی ادارے کی جانب سے جاری ہونے والی سند جس میں تعلیم کی نوعیت اور وہاں سے تعلیم مکمل کرنے کی وضاحت کی گئی ہو۔
گولڈن سٹوڈنٹ ویزے کی شرائط میں کہا گیا کہ ہونہار طلبہ جن کا تعلیمی ریکارڈ واضح ہو(ایسے طلبہ جنہوں نے میٹرک میں سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے سے 95 فیصد تک نمبر حاصل کیے ہوں) انہیں پانچ برس کےلیے مشروط گولڈن اقامہ جاری کیا جائے گا۔
انہیں اماراتی وزارت تعلیم و تربیت سے سفارشی (ریکینمڈیشن لیٹر) حاصل کرنا ہو گا جس میں یہ واضح کیا گیا ہو کہ طالب علم یا طالبہ کا تعلیمی ریکارڈ امتیازی ہے۔ وہ طلبہ جنہیں 5 برس کا گولڈن اقامہ جاری کیا جاتا ہے اسے مزید 5 برس کےلیے تجدید کرایا جاسکتا ہے جو کسی بھی یونیورسٹی کی سفارش پر کیا جائے گا۔
دس برس کے سٹوڈنٹ گولڈن اقامہ کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ کا ٹریک ریکارڈ مثالی ہو۔ انہوں نے جس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہو اس کا شمار وزارت تعلیم کی کیٹگری میں ’اے‘ اور’بی‘ کے طورپرکیا گیا ہو۔
ان طلبہ کو اپنی ڈگری کے ساتھ یونیورسٹی کی جانب سے ایک لیٹر درکار ہوگا۔
ایسے طلبہ جو ’اے‘ کیٹگری کی جامعہ سے فارغ ہوئے ہوں ان کی رینکنگ 3.5 اور ’بی‘ کیٹگری کی یونیورسٹی کے طلبہ کی رینکنگ 3.8 سے کم نہ ہو اور انہیں فارغ ہوئے دو برس سے زیادہ کا عرصہ نہ گزرا ہو۔

شیئر: