Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین فٹ قد کے سوشل میڈیا سٹار عبدو روزق کی جولائی میں اماراتی لڑکی سے شادی طے

عبدو روزق مشہور انڈین ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس‘ میں بھی بطور کنٹیسٹنٹ حصہ لے چکے ہیں (فوٹو: انٹرنیٹ)
دبئی میں مقیم تاجکستان سے تعلق رکھنے والے تین فٹ قد کے عبدو روزق نامی سوشل میڈیا سٹار کی شادی جولائی میں شارجہ سے تعلق رکھنے والی اماراتی لڑکی سے ہو گی۔
خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے عبدو روزق نے کہا کہ ’میں اپنی اس محبت سے زیادہ کسی بھی چیز کو قیمتی نہیں سمجھ سکتا۔ میں اپنی زندگی کے نئے سفر کو شروع کرنے کے لیے بے تاب ہوں۔‘
عبدو روزق کی مینیجمنٹ کمپنی کی جانب سے اُن کی شادی کی تصدیق کی گئی ہے تاہم سات جولائی کو طے اس شادی کی لوکیشن کو ابھی تک خفیہ رکھا گیا ہے۔
20 برس کے عبدو روزق کی شادی 19 برس کی اماراتی لڑکی امیرہ سے ہو گی۔
اپنی ہونے والی اہلیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے عبدہ روزق کہتے ہیں کہ ’میرے لیے روزمرہ کی زندگی آسان نہیں ہے اور پیار کو ڈھونڈنا تو میرے لیے اور بھی دشوار تھا کیونکہ اس میں بہت سی رکاوٹیں تھیں۔ لیکن الحمدللہ میں نے امیرہ کو ڈھونڈ لیا۔‘
روزق کی مینیجمنٹ کمپنی کے مطابق اس جوڑے کی حالیہ دنوں میں ہی منگنی ہوئی ہے۔
عبدو روزق کا تعلق تاجکستان کے علاقے بینگ کینٹ سے ہے۔ اُن کے والدین مالی کا کام کرتے تھے۔
عبدو روزق کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 82 لاکھ کے زیادہ فالوورز ہیں۔
ان کی شہرت میں اضافہ اُس وقت ہوا جب اُن کی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) میں حریف فائٹر حسب اللہ سے فائٹ طے ہوئی اور پھر اس فائٹ سے قبل وائرل ہونے والی پریس کانفرنس نے روزق کو خوب شہرت فراہم کی۔
روزق نے اپنے اس سفر میں نہ صرف یو اے ای کا گولڈن ویزا حاصل کیا بلکہ انہیں ’سلیبریٹی انفلواینسر آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
عبدو روزق مشہور انڈین ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس‘ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

شیئر: