Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے ایس پی شہر بانو نقوی کی شادی، تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

شہربانو کی مہندی اور بارات کی تقریبات لاہور میں منعقد ہوئیں (فوٹو: ویڈنگ شیڈنگ انسٹاگرام)
اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس(اے ایس پی) شہربانو نقوی شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہربانو نقوی کی شادی اشتر نقوی نامی شخص سے ہوئی ہے جو رائل سوئس ہوٹلز لاہور کے ڈائریکٹر ہیں۔
شہربانو کی مہندی اور بارات کی تقریبات لاہور میں منعقد ہوئیں جب کہ ان کے ولیمے کی تقریب 28 اپریل کو ہوئی، ان تقریبات میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریبات سے قبل جوڑے کی قوالی نائٹ کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں جن میں گلوکار ذیشان علی نے اپنے سر بکھیرے۔ پاکستانی اداکارہ در فشاں بھی اس تقریب کا حصہ بنیں، انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر گلوکار زیشان علی کی گائیکی کی تعریف بھی کی۔

شادی کی تمام تصاویر اور ویڈیوز جوڑے کے فوٹوگرافر اور میک اپ آرٹسٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں جن پر سوشل میڈیا صارفین جوڑے کو مبارک باد دے رہے ہیں اور تعریف کر رہے ہیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہربانو نے مہندی پر پیلے رنگ کا شرارا زیب تن کیا ہوا ہے جب کہ بارات پر انہوں نے سرخ رنگ کا عروسی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔
اے ایس پی شہربانو اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے 25 فروری کو لاہور کے علاقے اچھرہ کی مارکیٹ میں ایک خاتون کو اس وقت بچایا تھا جب ان کے لباس پر کی گئی خطاطی پر لوگ مشتعل ہو گئے تھے۔
مشتعل ہجوم نے ایک خاتون کو اس لیے گھیر لیا تھا کہ ان کے لباس پر عربی زبان میں کچھ تحریر تھا جن کو مقامی لوگ مقدس کلمات سمجھ رہے تھے۔
صورت حال خراب ہونے پر خاتون کے شوہر نے پولیس کو کال کی جس پر سیدہ شہربانو نقوی اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچیں، انہوں نے وہاں ایک مختصر تقریر میں لوگوں کو قانون ہاتھ میں نہ لینے کی تبیہہ کی، جس کے بعد وہ اندر جا کر اس خاتون کے چہرے کو ڈھانپ کر اپنے بازوؤں میں ہجوم کے اندر سے نکال کر لے گئی تھیں۔
 

شیئر: