Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کی غزہ میں ’فوری‘ جنگ بندی کی اپیل

بچے اہل خانہ سمیت محفوظ مقام پر منتقل ہو رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے غزہ میں اسرائیل حماس جنگ کو فوری طور پر روکنے، تمام یرغمالیوں کی واپسی اور محصور فلسطینی علاقے میں انسانی امداد میں اضافے پر زور دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو کویت میں بین الاقوامی ڈونرز کی کانفرنس سے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے کہا کہ ’میں دوبارہ اپیل کروں گا، دنیا کی اپیل دہراؤں گا کہ فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی جائے، غیرمشروط طور پر یرغمالیوں کو رہا کیا جائے اور انسانی امداد میں فوری اضافہ کیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جنگ بندی صرف شروعات ہو گی۔ یہ اس جنگ کی تباہی اور صدمے سے واپسی کا ایک طویل سفر ہے۔‘
عالمی سطح پر احتجاج کے باوجود اسرائیل رفح میں کارروائی کر رہا ہے اور شہریوں کے انخلا کا حکم دیا ہے۔
انتونیو گتریس نے کہا کہ ’غزہ میں جنگ خوفناک انسانی مصائب، زندگیوں کو ویران، خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور لوگوں کی بڑی تعداد کو بے گھر، بھوک اور صدمے کا شکار بنا رہی ہے۔‘
ان کا ویڈیو پیغام کویت میں انٹرنیشنل اسلامک چیریٹ ایبل آرگنائزیشن (آئی آئی سی او) اور اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی تنظیم اوچا کے زیر اہتمام کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر چلایا گیا۔
جمعے کو نیروبی میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے رفح میں مکمل زمینی کارروائی شروع کی تو غزہ کو انسانی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غزہ کی حالیہ جنگ گزشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد شروع ہوئی۔
سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے نتیجے میں اسرائیل میں 1170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
حماس کو تباہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل نے سات اکتوبر کے بعد انتقامی کارروائی شروع کی۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق غزہ میں 34 ہزار 971 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

شیئر: