Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں سیلاب زدگان کی فوری مدد کی جائے، او آئی سی کی اپیل

سیلاب سے 300 سے زیادہ لوگ ہلاک اور ہزاروں گھر تباہ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) نے تمام رکن ملکوں اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ امدادی تنظیموں سے فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے متاثرہ صوبوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعے کو ہونے والی شدید بارش کے بعد کئی صوبوں میں بہت سے لوگ لاپتہ ہیں۔ ایک امدادی تنظیم نے اسے ’بڑی انسانی ہنگامی صورتحال‘ قرار دیا ہے۔
 شمالی بغلان کا صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 300 سے زیادہ لوگ ہلاک اور ہزاروں گھر تباہ ہوئے۔
قوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی افغانستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس اور متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ اور افغانستان میں اس کے شراکت دار متاثرین کی ضروریات کا اندازہ لگانے اور فوری مدد پہنچانے کے لیے ملکی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) نے کہا کہ سیلاب کو ’خطرے کی گھنٹی‘ کے طور پر لینا چاہیے جو عالمی رہنماؤں اور امداد دینے والوں کو یاد دلا رہا ہے کہ وہ کئی دہائیوں کے تنازعات اور قدرتی آفات سے گھرے ہوئے ملک کو نہ بھولیں۔

شیئر: