کولکتہ۔۔۔۔دارجلنگ کے پہاڑی علاقوں میں گورکھاجن مکتی مورچہ کی اپیل پر ہڑتال جاری ہے۔ اسی دوران جمعرات کو مورچہ کے سربراہ ویمل گورنگ کی رہائش پر پولیس نے چھاپہ مارا جہاں سے اسلحہ کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ وزارت امور خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ دارجلنگ میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔مورچے نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی کہ اگر پولیس نے مورچہ کے حامیوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھی تو وہ مہم تیز کردینگے۔مورچہ کے صدر نے نہ صرف سیاحوں بلکہ دیگر شہروں سے آنیوالے مزدوروںسے کہا ہے کہ وہ دارجلنگ سے نکل جائیں۔مورچے نے دھمکی دی کہ ہمارا احتجاج طول پکڑسکتا ہے اور صورتحال بدترین ہوسکتی ہے۔ دریں اثناء دارجلنگ میں جمعرات کو بھی پولیس کی بھاری جمعیت تعینات رہی۔خواتین مورچے والوں نے بھی ریلیاں نکالیں،علیحدہ گورکھا لینڈ کا مطالبہ بھی زور پکڑگیا۔ احتجاجیوں کا پولیس سے تصادم ہوا اور انہوں نے پولیس کی ایک چوکی نذرآتش کردی۔