Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے 39 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 کمی کی گئی ہے۔
کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 273 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 274 روپے 08 پیسے ہوگئی ہے۔ 
وزارت خزانہ کے مطابق گذشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
’عالمی مارکیٹ کے نرخوں کی بنیاد پر اوگرا نے صارفین کے لیے نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے جس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے۔‘
مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 86 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اِس کی نئی قیمت 173 روپے 48 پیسے ہوگئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔ اس طرح لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 161 روپے 17 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ہو گا اور یہ قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے 30 اپریل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 45 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 42 پیسے کمی کی تھی۔

شیئر: