عرب لیگ کا فلسطینی علاقے میں اقوام متحدہ کی امن فوج بھیجنے کا مطالبہ
اعلامیے میں یمن، سوڈان اور شام میں قیام امن کی اہمیت پر زور دیا گیا (فوٹو:ایس پی اے )
عرب لیگ نے فلسطین کے علاقوں میں اقوام متحدہ کی امن بحال کرنے والی فورسز بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بحرین میں منعقدہ 33 ویں عرب سربراہ کانفرنس کے جاری کردہ ’منامہ اعلامیے‘ میں کہا گیا ہے کہ جب تک دو ریاستی حل نافذ العمل نہیں ہو جاتا، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن فورسز تعینات کی جائیں۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے۔ اسرائیلی قابض فوج غزہ اور رفح کا محاصرہ ختم کرے تاکہ دو ریاستی حل کی جانب پیش قدمی کی جا سکے۔
سبق نیوز کے مطابق بحرین میں جمعرات کو منعقد ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ طور پر جاری اعلامیے میں مسئلہ فلسطین کے فوری حل پر زور دیا گیا۔ علاوہ ازیں شام اور سوڈان کے معاملات کے حوالے سے بھی اہم امور پرتوجہ مبذول کرائی گئی۔
اعلامیے میں رفح کراسنگ کی فلسطینی سائیڈ پر اسرائیلی افواج کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو سختی سے مسترد کیا گیا۔
بحرین کانفرنس کے شرکا نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ رفح بارڈر کو خالی کرے تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پرغزہ کی پٹی کے متاثرین کو امداد فراہم کی جا سکے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سلامتی کونسل دو ریاستی حل کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
سربراہ کانفرنس میں سوڈانی فوج اور ریپڈ فورسز کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے اور امن قائم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ جدہ میں ہونے والے مذاکرات کی پابندی کریں۔ شام کے تنازعے کے حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بحرین سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں یمن صدارتی کونسل کی حمایت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ بحرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کی بھی بھرپور مذمت کی گئی۔