Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا دورۂ پاکستان دوطرفہ تعلقات میں ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا: وزیر داخلہ

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورۂ پاکستان دوطرفہ تعلقات میں ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا۔
وزیر داخلہ نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سنیچر کی صبح اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے خیر مقدم کیا۔
وزارت داخلہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک سعودیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب کے سفیر نے اسلام آباد پولیس کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جوانوں کے لیے رہائش کا انتظام کرنے پر سعودی عرب کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں برما کے مسلمانوں کے لیے سفری دستاویزات  پر بھی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی تاریخی برادرانہ دوستی  سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب  کے سرمایہ کاروں کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا۔ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں۔
سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

شیئر: