وفاقی وزیر نے پاکستانی عازمین کے لیے کھانے کی تیاری کا جائزہ لیا
کھانے اور سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان کے وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سنیچر کو مدینہ منورہ میں مختلف کیٹرنگ کمپنیوں کا دورہ کیا۔
عازمین حج کےلیے کھانوں کی تیاری اور پیکنگ کے مختلف مراحل کا معائنہ کیا۔
وزرت سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کہا ’ کیٹرنگ کمپنیاں کوشش کریں کہ تمام اجناس، مصالحہ جات اور گوشت پاکستان کا استعمال کیا جائے اور معیار کا خاص خیال رکھا جائے‘۔
ملکی اجناس ومصالحہ جات استعمال کرنے سے نہ صرف ملک کو فائدہ ہو گا بلکہ پاکستانی ذائقہ بھی برقرار رہے گا۔
ان کاکہنا تھا’ پاکستانی اجناس، مصالحہ جات، گوشت و چاول کی آسان دستیابی کےلیے کابینہ اور متعلقہ حکام سے بات کروں گا‘۔
چوہدری سالک نے کہا’ عازمین حج کی بڑھتی تعداد کے باوجود کھانے اور سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا ’عازمین حج کی خدمت کے تمام شعبہ جات بہترین کام کر رہے ہیں‘۔
علاوہ ازیں عازمین حج کے فیڈ بیک کےلیے پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے سروے فارم بھجوانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیر مذہبی امور نے پاکستانی عازمین سے ملاقاتیں اور حج انتظامات کے بارے میں رائے حاصل کی۔
چوہدری سالک نے کہا کہ’ پاکستان حج مشن کی کوششوں کی بدولت سرکاری سکیم کے اخراجات خطے میں سب سے کم ہیں۔ پاکستان حج مشن پڑوسی ممالک سے حج اخراجات کا تقابل عوام کے سامنے رکھے‘۔
انہوں نے حج مشن کے عملے کو معمر اور نیم خواندہ عازمین حج کو پاک حج موبائل ایپ اور سم کے استعمال میں معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا ’حج انتظامات ہر سال بہتری کی طرف گامزن ہیں‘۔