Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں سیاح جوڑا عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے زخمی

13 مئی کو سری نگر کی پہلی نشست پر ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹرز بڑی تعداد میں نکلے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پولیس نے کہا ہے کہ انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں سنیچر کی رات کو سیاح جوڑے کو عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب انڈیا میں جاری عام انتخابات کے لیے اس غیرمستحکم خطے میں ووٹنگ شیڈول ہونے والی ہے۔
کشمیر کی پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ زخمی جوڑے کا تعلق انڈین شہر جےپور سے ہے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جبکہ جہاں حملہ ہوا اس جگہ کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
بیان کے مطابق جوڑے کی حالت بہتر ہے۔
انڈیا میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے جبکہ اس کے زیرانتظام کشمیر کی باقی دو سیٹوں پر 20 سے 25 مئی تک پولنگ جاری رہے گی۔
13 مئی کو سری نگر کی پہلی نشست پر ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹرز بڑی تعداد میں نکلے، جس نے سنہ 2019 میں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے خطے کی نیم خودمختاری کو ہٹانے کے بعد ووٹنگ کی کم شرح کے رجحان کو تبدیل کیا۔
مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سنہ 1996 کے بعد پہلی بار کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ وہ علاقائی جماعتوں کی حمایت کرے گی۔
کشمیر کی بڑی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنی انتخابی مہم میں خطے کی نیم خودمختاری کی بحالی پر توجہ مرکوز کی ہے۔

ضلع شوپیاں میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے بی جے پی کے رکن اعجاز احمد شیخ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تجزیہ کاروں اور اپوزیشن جماعتوں کے مطابق بی جے پی اس لیے کشمیر میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ نتائج سنہ 2019 کے بعد سے زیادہ پرامن اور مربوط خطے کے اس کے بیانیے کے برعکس ہوں گے۔
ایک دوسرے واقعے میں سنیچر کو ضلع شوپیاں میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے گاؤں کے سابق سربراہ اور بی جے پی کے رکن اعجاز احمد شیخ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں سیاحوں پر آخری بڑا حملہ سنہ 2017 میں ہوا تھا، جب ہندو زائرین کی بس کو نشانہ بناتے ہوئے آٹھ افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔

شیئر: