سعودی و جاپانی فٹ بال لیگ میں کھیل کو مزید فروغ دینے کا معاہدہ
کھلاڑیوں اور کوچز کےلیے تجربات اور وسائل کے تبادلے کو آسان بنایا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی پرو لیگ اور جاپان کی پروفیشنل فٹ بال لیگ نے کھیل کو ترقی دینے کے طریقوں پر تعاون کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کی لیگ کھیلنے والی ٹیموں کے ساتھ مل کر فٹ بال کے فروغ میں تعاون کرناہے۔
فٹبال کے انتظامی امور اور کھیل کا معیار بڑھانے کے لیے کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان تجربات اور وسائل کے تبادلے کو آسان بنایا جائے گا۔
سعودی و جاپانی فٹ بال لیگ کھیل میں تکنیک کے بارے میں موثر نظام قائم کرنے کے طریقوں پر تعاون کریں گی۔
اس معاہدے پر سعودی پرو لیگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین سعد العزیز اور جاپان پروفیشنل لیگ کے عہدیدار یوشوکازے نینومورا نے سعودی-جاپانی بزنس فورم کے موقع پر دستخط کئے ہیں۔
سعودی-جاپانی بزنس فورم کی تقریب کے موقع پر سعد العزیز نے کہا کہ یہ معاہدہ سعودی پرو لیگ کی تبدیلی کی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں لیگز کی شراکت داری تجربات کے تبادلے اور دونوں ممالک کے درمیان فٹ بال کے میدان میں مسلسل ترقی اور فروغ کے لیے نئے راہیں تلاش کرے گی۔
سعد العزیز نے مزید کہا کہ ہم جاپان کی فٹبال لیگ کے ساتھ مل کر کھیل کو ہر سطح پر بلند کرنے کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں۔
جاپانی اور سعودی کلبوں کے درمیان دوستانہ میچ کے ذریعے مستقبل کے سٹار کھلاڑیوں کی کھوج اور ٹیلنٹ ڈسکوری نیٹ ورکس میں ان کی بہتر طریقے سے کوچنگ اور رہنمائی کی جائے گی۔
دونوں لیگز کے درمیان معاہدے میں مختلف ورکشاپس اور کانفرنسز کے ذریعے مسلسل ترقی کے لیے تعاون کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی مستحکم ثقافتوں کے تبادلے کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔