Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم گرما کا سب سے زیادہ درجہ حرارت، سندھ میں پارہ 52 ڈگری سے بڑھ گیا

کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں گرمی کی ایک اور لہر آنے کی توقع ہے (فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں درجہ حرارت 52 ڈگری سیلسیس (125.6 ڈگری فارن ہائیٹ) سے بڑھ گیا۔ یہ موسم گرما کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے اور جاری ہیٹ ویو کے درمیان ملک کی ریکارڈ بلند ترین سطح کے قریب ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پورے ایشیا میں انتہائی درجہ حرارت موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں بدتر ہو گیا تھا۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ایک سینیئر اہلکار شاہد عباس نے نے کہا کہ سندھ کے شہر موئن جو دڑو میں، جو آثار قدیمہ کے مقامات کے لیے جانا جاتا ہے اور2500 قبل مسیح میں تعمیر کی گئی وادی سندھ کی تہذیب سے تعلق رکھتا ہے، وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 52.2 سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا۔
یہ درجہ حرارت اب تک موسم گرما میں سب سے زیادہ ہے، اور ملک کے بلند ترین ریکارڈ اونچائیوں کو بالترتیب 53.5 اور 54 سینٹی گریڈ ک قریب پہنچ گیا ہے۔
موئن جو دڑو ایک چھوٹا سا شہر ہے جو موسم گرما میں انتہائی گرم ہوتا ہے اور وہاں ہلکی سردی اور کم بارشیں ہوتی ہیں۔ موجودہ گرمی کی لہر میں دکانوں میں رش نہ ہونے کے برابر ہے۔
مقامی ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ مقامی لوگوں نے انتہائی موسمی حالات میں رہنا سیکھ لیا ہے اور وہ گھر کے اندر رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیات روبینہ خورشید عالم  نے جمعہ کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے حوالے سے بریی طرح متاثر ہونے والا پانچواں ملک ہے۔ ہم نے معمول سے زیادہ بارشوں اور سیلاب کا سامنا کیا ہے۔‘
پاکستان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 2017 میں ریکارڈ کیا گیا جب جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں واقع شہر تربت میں درجہ حرارت 54 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ یہ ایشیا کا دوسرا اور دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ گرم ترین درجہ حرارت تھا۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں گرمی کی ایک اور لہر آنے کی توقع ہے۔

شیئر: