آپریشن اور مینٹیننس کے معاہدوں کی لوکلائزیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز
وزارت تیسرا مرحلہ یکم دسمبر 2024 سے نافذ کرے گی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سنیچر کو قوی ای پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری اداروں میں آپریشن اور مینٹیننس سے متعلق معاہدوں کی آن لائن منظوری کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
یاد رہے کہ پہلا مرحلے کا آغاز یکم دسمبر 2023 سے کیا گیا تھا۔ اس میں بڑے ادارے شامل تھے۔ تیسرا مرحلہ جو یکم دسمبر 2024 سے نافذ کیا جائے گا اس میں تمام ادارے شامل ہوں گے۔
وزارت کے اقدام کا مقصد سرکاری اداروں میں آپریشن اور مینٹینس کے معاہدوں کی لوکلائزیشن کی نگرانی اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کاروباری ادارے ان معاہدوں میں لوکلائزیشن کی پابندی کریں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اقدام وزارت کی جانب سے لیبر مارکیٹ میں سعودی نوجوانوں کےلیے ملازمت کے مواقع بھی بڑھائے گا۔
اس فیصلے کا اطلاق وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں سے ٹھیکے لینے والے ان تمام اداروں پر ہوتا ہے جن میں کم از کم 51 فیصد حصص حکومت کی ملکیت ہیں۔
اس میں آپریشن، مینٹینس، شہرکی صفائی، سڑکوں کی مینٹینس، کیٹرنگ اور آئی ٹی سمیت مختلف معاہدے شامل ہیں۔
ایسے معاہدے کرنے والے کاروباری افراد کو اب قوی پلیٹ فارم پر لوکلائزیشن سروس کے ذریعے معاہدے کا ڈیٹا اپ لوڈ کرنا ہوگا۔
وزارت نے سرکاری اداروں کے ساتھ آپریشن اینڈ مینٹیننس معاہدے کرنے والے اداروں کو اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کا بھی پابند بنایا ہے۔