Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو ملکی ہاکی کپ، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان میچ بارش کے باعث ملتوی

پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری میچ 5 جون کو فرانس کے خلاف کھیلے گی (فوٹو: فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پولینڈ میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان میچ بارش کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے کھیلا جانا تھا تاہم موسلا دھار بارش کے باعث اب یہ میچ پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا میچ چار چار گول سے برابر ہوگیا تھا۔
یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان پہلا میچ تھا۔
گنزیزنو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے عبدالرحمان، سفیان خان، حنان شاہد اور ابوبکر محمود نے گول کیے۔
اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 9 ٹیمیں شامل ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں میزبان پولینڈ، جنوبی کوریا، آسٹریا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں پاکستان، فرانس، ملائیشیا اور کینیڈا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری میچ 5 جون کو فرانس کے خلاف کھیلے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے کچھ عرصہ قبل ملائیشیا میں سلطان اذلان شاہ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ فائنل میں جاپان کے خلاف شاندار کھیل کے بعد پنالٹی سٹروک پر ہار گئی تھی۔ 
اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم کا فائنل تک پہنچنا ایک خوش آئند پیش رفت کے طور پر دیکھا گیا کیونکہ 13 برس میں پہلی مرتبہ یہ ٹیم فائنل کھیل رہی تھی۔
اس وقت پولینڈ میں جاری نیشنز کپ بھی کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں جیتنے والی ٹیم کو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے سیزن 2024-25 میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

شیئر: