پولینڈ میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان میچ چار چار گول سے برابر رہا۔
نوملکی ہاکی کپ کا یہ میچ پولینڈ کے شہر گنزیزنو میں ہوا۔ میچ کے آخری منٹ میں پاکستان کو پنالٹی سٹروک ملا جس پر ابوبکر نے گول کرکے مقابلہ برابر کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم اتوار کو اسی سٹیڈیم میں کینیڈا کے مدمقابل ہو گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے کچھ عرصہ قبل ملائیشیا میں سلطان اذلان شاہ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ فائنل میں جاپان کے خلاف شاندار کھیل کے بعد پنالٹی سٹروک پر ہار گئی تھی۔
اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم کا فائنل تک پہنچنا ایک خوش آئند پیش رفت کے طور پر دیکھا گیا کیونکہ 13 برس میں پہلی مرتبہ یہ ٹیم فائنل کھیل رہی تھی۔
اس وقت پولینڈ میں جاری نیشنز کپ بھی کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں جیتنے والی ٹیم کو ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے سیزن 2024-25 میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔