تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم، ٹی20 ورلڈ کپ چمیپئن کو کتنے ڈالرز ملیں گے؟
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی رنراپ ٹیم کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی فاتح ٹیم کو ایونٹ کی تاریخ کی سب سے زیادہ انعامی رقم فراہم کی جائے گی۔
ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن میں 20 ٹیمیں 28 دنوں تک ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل دکھائی دیں گی۔
کس ٹیم کو کتنی رقم انعام کے طور پر دی جائے گی؟
فائنل جیتنے والی ٹیم کو 24 لاکھ ڈالر کی رقم انعام کے طور پر دی جائے گی۔ یہ رقم سال 2022 میں ہونے والے آخری ورلڈ کپ سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2022 فاتح انگلینڈ کو 10 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی رنراپ ٹیم کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملے گی جبکہ سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو سات لاکھ 87 ہزار 500 ڈالر ملیں گے۔
دوسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ پانے والی ہر ایک ٹیم کو تین لاکھ 82 ہزار پانچ سو ڈالرز ملیں گے اور جو ٹیمیں نویں اور بارہویں پوزیشن کے درمیان رہیں گی اُنہیں فی ٹیم دولاکھ 47 ہزار پانچ سو ڈالرز ملیں گے۔
13 ویں سے 20 ویں نمبر پر آنے والی ہر ایک ٹیم کو دو لاکھ 25 ہزار ڈالر ملیں گے۔ اس کے علاوہ ہر ٹیم کو سیمی فائنل اور فائنل کو چھوڑ کر ہر جیتنے والے میچ کے لیے اضافی 31 ہزار ایک سو 54 ڈالر ملیں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ایونٹ ہے جس کے ذریعہ دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کرکٹ کو تفریح کا موقع میسر آئے گا۔