ریاض ....وزارت محنت و سماجی فروغ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی اوجر کمپنی کے 6ہزار غیر ملکی ملازمین کودوسری کمپنیوں میں ملازمت دلا رہی ہے۔ یہ کام سعودی اوجر کمپنی کے تعاون سے انجام دیا جارہا ہے۔ اسکے علاوہ 1200سعودی ملازمین میں سے 600کو دیگر نجی اداروں میں تعینات کرا یا جارہا ہے۔ وزارت کے ترجمان خالد اباالخیل نے بتایا کہ سعودی اوجر کمپنی کے ملازمین کے مسئلے سے وہ شروع سے ہی دلچسپی لے رہی ہے۔ اس میں فی الوقت 8ہزار ملازمین ہیں۔ 1200سعودی ہیں۔ ان میں سے 600کو دوسری کمپنیوں میں ملازمت دلائی جارہی ہے ابا الخیل نے کہاکہ سعودی اوجر کے غیر ملکی ملازم کسی بھی کمپنی میں نقل کفالہ کراسکتے ہیں۔ وطن بھی واپس جاسکتے ہیں۔ وطن جانے والوں کے حقوق محفوظ رہیں گے۔ انکے سفارتخانوں کیساتھ ربط و ضبط پیدا کرکے معاملات طے ہوجائیں گے۔سعودی اوجر کممپنی بحران پیدا ہونے کے بعد سے لیکر اب تک 16ہزار سے زیادہ غیر ملکی ملازمین کے معاملات حل کرچکی ہے۔ ان میں سے 11500سفر کرچکے ہیں۔ وزارت نے 3800تارکین وطن کا مختلف کمپنیوں میں نقل کفالہ کرادیا ہے۔