Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: سکاٹ لینڈ کی نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست

اس جیت کے بعد سکاٹ لینڈ کی ٹیم اپنے گروپ بی میں 3 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 12ویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعے کو باربڈوس میں کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ نے نمیبیا کی جانب سے دیے گئے 156 رنز کے ہدف کو 18.3 اوورز میں پانچ وکٹوں پر حاصل کر لیا۔
سکاٹ لیںڈ کی جانب سے کپتان رِچی بیرنگٹن نے 47، مائیکل لِیسک نے 35 اور مائیکل جونز نے 26 سکور بنائے۔
نمیبیا کی جانب سے جیرہارڈ اریسمس نے دو جبکہ روبین ٹرمپلمین اور ٹینگینی لنگامینی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔
نمیبیا کی جانب سے جیرہارڈ اریسمس نے 52، زین گرین نے 28 اور نکولاس ڈیوِن نے 20 رنز بنائے۔
سکاٹ لینڈ کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے بریڈ وِیل نے تین، بریڈ کَری نے دو جبکہ کرس سول نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ اس جیت کے بعد سکاٹ لینڈ کی ٹیم اپنے گروپ بی میں 3 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے۔
اس سے قبل سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔
اسی طرح نمیبیا نے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں عمان کو ہرایا تھا۔
گروپ بی میں سکاٹ لینڈ تین پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نمیبیا دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے جبکہ عمان صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور آخری نمبر پر موجود ہے۔

شیئر: