Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عقیل حسین کی شاندار بولنگ، یوگنڈا ویسٹ انڈیز کے سامنے 39 رنز پر ڈھیر

عقیل حسین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 11 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: گیٹی امیجز)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 18ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز سے ہرا دیا۔
اتوار کو گیانا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 174 رنز کے ہدف کے جواب میں یوگنڈا کی پوری ٹیم 12 اوورز میں صرف 39 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یوگنڈا کی جانب سے جُوما میاگی نے 13، روبنسن اوبویا نے 6 جبکہ الپیش رام جانی نے 5 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے عقیل حسین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 11 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الزاری جوزف نے دو اور آندرے رسل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جونسن چارلس نے 44، آندرے رسل نے 30 جبکہ کپتان روومان پاول نے 23 سکور بنائے۔
یوگنڈا کی طرف سے برائن مسابا نے دو جبکہ الپیش رام جانی اور دنیش ناکرانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ ویسٹ انڈیز کی میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری جیت ہے۔
دوسری جانب یوگنڈا اس ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے ایک میں جیت جبکہ دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اُدھر باربڈوس میں کھیلے گئے اہم میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرا دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے جواب میں انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
اس میچ کے بعد آسٹریلوی ٹیم گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے جبکہ انگلینڈ ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

شیئر: