Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا میچ کے لیے بابر، رضوان اور شاہین ’پُرجوش‘، عماد وسیم فِٹ قرار

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ آج کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں آج نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔
پاکستان کو گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں امریکہ کے ہاتھوں تاریخی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انڈیا نے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو ہرایا تھا۔
میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے حوالے سے اچھی خبر سامنے یہ آئی ہے کہ پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا آل راؤنڈر عماد وسیم روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ کے لیے فِٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک مجموعی طور پر ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سات میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں 6 مرتبہ جیت انڈیا جبکہ ایک مرتبہ پاکستان نے فتح حاصل کی۔
 

پاکستان نے انڈیا کو اب تک ٹی20 ورلڈ کپ میں صرف ایک مرتبہ شکست دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس ہائی وولٹیج میچ کے حوالے سے کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’بچپن میں انڈیا پاکستان کے میچ کے بارے میں سنتے تھے، اب ہم کھیل رہے ہیں۔ پہلے تو اللہ کا شکرادا کرتے ہیں کہ اللہ نے اس قابل سمجھا۔ میرے خیال سے یہ ایک بڑا میچ ہے۔ ہم اس میچ کو انجوائے کرتے ہیں۔‘
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کہتے ہیں کہ ’یہ میچ اہم ترین اس وجہ سے بھی ہے کہ 20 ٹیمیں ٹورنامنٹ کھیل رہی ہیں لیکن کوئی کسی کا میچ دیکھ کوئی نہیں اور جب انڈیا پاکستان کا میچ ہوتا ہے تو 20 کی 20 ٹیمیں اس کا انتظار کر رہی ہوتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جس طرح ہم پر پریشر ہوتا ہے اسی طرح انڈیا پر بھی پریشر ہوتا ہے۔‘
اس بارے میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی کہتے ہیں کہ ’جب میں سکول میں پڑھتا تھا تو اُس وقت پاکستان انڈیا کے میچ کے لیے چھٹی لے لیتا تھا۔ اس دن صرف میچ دیکھنا ہوتا تھا چاہے نتیجہ کوئی بھی نکلے۔ پوری دنیا ہی اس میچ کو دیکھتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایک بڑا میچ ہے اور ہم بھی پُرجوش ہیں۔‘

شیئر: