Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

اگر میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہو جاتا ہے تو اس صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ آج نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔
اس اہم ترین مقابلے کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے کرکٹ فینز بے تاب ہیں۔
امریکہ سے تاریخی اپ سیٹ شکست کے بعد سپرایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے لیے پاکستانی ٹیم کو یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
پاک انڈیا ٹاکرے سے قبل نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی پِچ اور آؤٹ فیلڈ پر شدید تحفظات دیکھنے کو مل رہے ہیں تاہم اس دوران موسم کے حوالے سے بھی اچھی خبریں سامنے نہیں آ رہی ہیں۔
موسم کی ویب سائٹ ’ایکیو ویدر‘ کے مطابق نیو یارک میں آج صبح بارش کا امکان ہے جبکہ میچ کے دوران بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی۔
صبح 10 اور 11 بجے کے مقامی وقت کے مطابق گہرے بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی دیکھنے کو ملے گی جس کی وجہ سے اس دوران بارش کے امکانات 15 فیصد سے بڑھ سے 47 فیصد ہو جائیں گے جبکہ دوپہر ایک بجے کے مقامی وقت پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسم کی صورتحال کے مطابق میچ کی پہلی اننگز بارش سے متاثر ہو سکتی ہے لہذا میچ سے قبل ٹاس جیتنا دونوں ٹیموں کے لیے نہایت ضروری ہو گا۔
اگر میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ ہو جاتا ہے تو اس صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔

شیئر: