Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر متوازن باؤنس، پاکستان انڈیا میچ کے لیے پِچ پر گھاس کم کرنے کا فیصلہ

سنیچر کو کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ کل یعنی اتوار کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔
اس بڑے مقابلے کے حوالے سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے کہ نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی پِچ پر غیر متوازن باؤنس کو کم کرنے کے لیے گھاس کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے جاری بیان میں کہا کہ ’ٹی20 آرگنائزنگ کمیٹی اور آئی سی سی کے خیال میں ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی پِچ پر کارکردگی میں ویسا تسلسل نہیں رہا جیسا کہ ہم سب چاہتے تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’گزشتہ روز ہونے والے میچ کے بعد ورلڈ کلاس گراؤنڈ مینز پر مشتمل ٹیم پِچ کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے اور باقی میچوں کے لیے بہترین پِچ دینے کے لیے پرعزم ہے۔‘
اس بیان میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی پِچ پر بیٹرز کو گھاس کی وجہ سے غیر متوازن باؤنس کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد پِچ پر اُگی گھاس کو کم کیا جا رہا ہے اور اس پر رولر چلائے جا رہے ہیں۔
پِچ پر رولر چلائے جانے کے بعد گیند ہموار سطح پر گرے گی جس کے باعث متوازن اچھال ملے گی۔
خیال رہے کہ نیو یارک میں اب تک ٹی20 ورلڈ کپ کے تین میچز کھیلے جا چکے ہیں تاہم یہ تینوں میچ لو سکورنگ رہے۔
یہاں 3 جون کو کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سری لنکا کی پوری ٹیم 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
 

نیو یارک میں اب تک ٹی20 ورلڈ کپ کے تین میچز کھیلے جا چکے ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)

اس کے بعد 5 جون کو انڈیا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں آئرش ٹیم صرف 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سنیچر کو کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے جس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بنا سکی۔
ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم کی غیر معیاری پِچ پر کرکٹ ماہرین اور شائقین بھی شدید تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پِچ کے غیر معیاری ہونے پر انگلش میڈیا نے خبر جاری کی تھی کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ نیو یارک سے شفٹ کیا جا رہا ہے تاہم ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔

شیئر: