Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے شکست، پاکستان کے سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے چانسز اب کتنے ہیں؟

آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں روایتی حریف انڈیا سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔
اتوار کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا کی جانب سے دیے گئے 120 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم  مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 113 رنز بنا سکی اور یوں انڈیا کو 6 رنز سے فتح حاصل ہوئی۔
آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور بیٹرز نے مایوس کن کارکردگی دکھاتے ہوئے ہمت ہار لی۔
اس شکست کے بعد پاکستان کے سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں اور صورتحال بہت مشکل دکھائی دے رہی ہیں۔
اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو گروپ اے میں انڈیا چار پوائنٹس لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے، امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح پاکستان صفر پوائنٹس اور منفی 0.150 کے رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔
اگر پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں جانا ہے تو اُس کے لیے پاکستان کو کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف اپنے دونوں میچ بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے۔
اسی طرح پاکستانی فینز کو دعا کرنا ہو گی کہ آئرلینڈ اور انڈیا کے میچوں میں امریکہ کو بڑے مارجن سے شکست حاصل ہو۔
اگر پاکستان اپنا اگلا کوئی بھی میچ ہار جاتا ہے تو اس صورت میں پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
اگر آئرلینڈ کو امریکہ سے شکست ہو جاتی ہے تو اس صورت میں بھی پاکستانی ٹیم کا سفر اس ورلڈ کپ میں اختتام پذیر ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان میچ منگل کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: