مکہ میں بیمار ہونے والے اسماعیل 10 سال بعد دوبارہ حج کرنے پہنچ گئے
مکہ میں بیمار ہونے والے اسماعیل 10 سال بعد دوبارہ حج کرنے پہنچ گئے
بدھ 12 جون 2024 19:46
افریقی ملک گھانا کےعازم کو شاہی مہمانوں کے قافلے میں منتخب کیا گیا ہے۔ فوٹو واس
مکہ مکرمہ پہنچ کر بیماری کے پیش نظر حج کی ادائیگی مکمل نہ کرنے والے گھانا کے عازم کو بالآخر دس سال بعد حج کی سعادت کا دوبارہ موقع مل گیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مغربی افریقی ملک گھانا کے اسماعیل میسونہ تمام رسومات ادا کرنے کے قابل نہ ہونے کی وجہ سے رنجیدہ رہتے تھے۔
اسماعیل میسونہ پہلی بار 2013 میں مکہ مکرمہ آئے تھے لیکن وہ شدید بیمار ہو گئے تھے اور حج کے مکمل ادائیگی سے قاصر تھے۔
اسماعیل میسونہ نے بتایا ہے کہ گذشتہ دس برس سے میں ہمیشہ یہ دعا کرتا تھا کہ حج کی سعادت مکمل کرنے کا دوبارہ موقع مل جائے۔
تقریبا 20 فیصد مسلمان آبادی والے افریقی ملک گھانا کے عازم کو رواں سال خادم حرمین شریفین کے حج و عمرہ پروگرام کے تحت آنے والے مہمانوں کے قافلے میں منتخب کیا گیا ہے۔
گھانا سے آنے والے اسماعیل نے رواں سال حج قافلے میں مدعو کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اسلام کا اہم فریضہ حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور ہر بالغ مسلمان پر فرض ہے کہ زندگی میں کم از کم ایک بار سفر کرے بشرطیکہ وہ مالی اور جسمانی طور پر اس سفر کی استطاعت رکھتا ہو۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں