Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا، حجاج کی سلامتی ریڈ لائن ہے: سعودی حکام

حجاج گرمی سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال لازمی کریں(فوٹو، بشیر صالح)
وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ ’حج 1445‘ کا پہلہ مرحلہ بخیر وخوبی مکمل ہو گیا۔ عازمین حج کی منی منتقلی کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیا گیا۔ 
مکہ مکرمہ چیمبرآف کامرس میں وزارت اطلاعات کے میڈیا سینٹر میں حج کے پہلے دن کے حوالے سے منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل الشلھوب نے مزید کہا کہ حج اور حجاج کے امن کو متاثر کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حجاج اور حج کا امن ریڈ لائن ہے۔
 مشترکہ پریس کانفرنس میں وزارت حج  کےسیکرٹری ڈاکٹر عایض الغوینم اور لاجسٹک سروسز کے ترجمان صالح الزوید کے علاوہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی بھی شریک تھے ۔ 
ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ حج 2024 کا ابتدائی مرحلہ انتہائی کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ مجموعی طورپر حجاج کی  صحت تسلی بخش ہے۔ ڈاکٹرمحمد عبدالعالی نے حجاج کو ہدایت کی کہ وہ گرمی سے خود کو بچانے کےلیے چھتری کا ضرور استعمال  کریں تاکہ ’لو‘ کا شکار نہ ہوں اوربہتر طورپر حج کے مناسک ادا کرسکیں۔
ترجمان صحت کا مزید کہنا تھا کہ وزارت صحت کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں تمام ہسپتال اور ڈسپینسریاں کام کررہی ہیں۔ وزارت نے 24 گھنٹے کی بنیاد پرٹول فری نمبر 937  کی سہولت فراہم کی ہے جس پر مختلف زبانوں کے ماہرین کی خدمات مہیا کی گئی ہیں ۔ امور صحت کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل الشلھوب نے پریس کانفرنس کے بعد سوالات کا جواب دیتے  ہوئے مزید کہا کہ 20 شوال 1445 ہجری سے اب تک 160 فرضی حج خدمات کے اداروں کو سیل کیا گیا جبکہ 6 ہزار 135 اقامہ قوانین کی خلاف وزیر کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا۔

اب تک 160 فرضی حج کمپنیوں کو سیل کیا گیا(فوٹو، ایکس )

وزارت داخلہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں حج پرمٹ کے بغیرکسی کو مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں دیتی ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے جو پرمٹ کے بغیرحج سیزن میں مکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لاجسٹک سروسز کے ترجمان صالح الزوید نے بتایا کہ 90 ممالک سے 19 ہزار پروازیں مملکت پہنچیں۔
سب سے زیادہ پروازوں کی تعداد یکم ذوالحجہ کو ریکارڈ کی گئی جو 650 تھی ۔
الزوید کا مزید کہنا تھا کہ امسال سوڈان سے 7 بحری جہازوں کے ذعیعے عازمین حج جدہ کی اسلامی بندرگاہ پرپہنچے۔
سعودی ریلوے کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ مشاعر ٹرین سروس بھی مکمل طورپر فعال ہے جو حجاج کرام کو منی ، مزدلفہ اور عرفات لے جانے اور لانے کے لیے مخصوص ہے۔

شیئر: