Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سمیت افغانستان اور انڈیا میں عیدالاضحیٰ آج منائی جا رہی ہے

ملک کے مختلف شہروں میں عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لوگ قربانی کر رہے ہیں۔
آج پاکستان کے علاوہ ہمسایہ ممالک افغانستان، انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ ’ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کا جذ بہ ایک ایسا عمل ہے جس کا مقصد انسان کا اپنی نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقعے پر پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ہماری خواہش ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا بھر میں امن، خوشحالی اور محبت کا غلبہ ہو، ہم دنیا بھر کے بہت سے ممالک میں جاری تنازعات اور تشدد کو بھی دکھ اور تشویش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔‘
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔‘
مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے عید الاضحیٰ کے موقع حکومت کے ساتھ تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: