Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عیدالاضحیٰ کے تین روز پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسم کیسا رہے گا؟

پاکستان میں گذشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے چند علاقوں میں طوفان باد وباراں کا امکان ہے جس کے دوران شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہو گی۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جون کو بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
موسمیات کے محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 18 جون کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
’اتوار 16 اور پیر 17 جون کو گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ 19 جون سے 22 جون کے دوران گلگت بلتستان  کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گا نچھے، شِگر اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔‘
 محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس دوران پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، چترال، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، کوہاٹ، ہنگو، کرم اور وزیرستان میں اتوار کی صبح گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
16 جون سے 18 جون کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران چند علاقوں میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کےعلاوہ چند مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، بھکر، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ، لاہور، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 16 جون سے 18 جون کے دوران صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔
18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات میں آندھی وجھکڑ چلنے اور گرج چمک کے علاوہ بعض مقامات پر وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح 20 سے 22 جون کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان میں 16 سے 18 جون کے دوران صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 20 جون سے 22 جون کے دوران کوئٹہ، ژوب، کوہلو، لورالائی اور بارکھان میں آندھی اور جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں 17 سے 20 جون کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم 21 سے 22 جون کے دوران سکھر، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر

آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینلز وغیرہ کو نقصان کا اندیشہ ہے اس لیے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ’19 جون سے 22 جون کے دوران شدید گرمی میں کمی کا امکان ہے۔‘

شیئر: