نئی دہلی۔۔۔۔مرکز نے آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران سمیت 67ہزار ملازمین کے سروس ریکارڈز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ اس کا مقصد گورنس کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف پرسنیل اینڈ ٹریننگ کے سینیئر افسر نے کہا کہ اگر کوئی بھی ملازم ضابطہ اخلاق کے مطابق کام کرتا ہوا نہیں پایا گیا تو اسے سزا دی جائے گی۔اس جائزے کا مقصد یہ بھی ہے کہ پتہ چلایا جاسکے کہ کون سا ملازم کام نہیں کررہا ہے۔ 25ہزار ملازمین کا تعلق گروپ اے کی سروسز سے ہے۔وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اوپری سطح کے افسران کی کارکردگی بہتر ہوجبکہ کرپشن کیلئے زیروٹولرنس کی پالیسی اپنائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ایماندار افسروں کیلئے کام سے دوستی کا ماحول یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت وقتاً فوقتاً ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیتی رہیگی اس کا مقصد ایماندار ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔