Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: تامل ناڈو میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کی تعداد 54 ہو گئی

سینیئر ضلعی آفیسر ایم ایس پراسانتھ نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈیا کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں زہریلی شراب کے استعمال کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 54 تک پہنچ گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک سرکاری افسر کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ابھی تک 100 افراد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
بدھ سے اب تک زہریلی شراب سے متاثر ہونے والے 200 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ افراد قے، پیٹ کے درد اور اسہال کا شکار تھے۔
یہ واقعہ تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی سے اڑھائی سو کلومیٹر دور کالاکوریچی ضلعے میں پیش آیا جب ان افراد نے میتھانول کی آمیزیش والی شراب پی لی تھی۔
ایک سینیئر ضلعی آفیسر ایم ایس پراسانتھ نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور اب تک سات افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعے میں شراب فروخت کرنے والوں  کے خلاف مزید کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
انڈیا میں غیرقانونی طور پر تیار کی جانے والی ’دیسی شراب‘ سے ہلاکتوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جبکہ عوام کی جانب سے شراب فروشوں کے خلاف کارروائی کے مطالبات بھی کیے جاتے رہے ہیں۔
تامل ناڈو کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ میتھانول کی تیاری میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
میتھانول ایک زہریلا کیمیکل ہے جسے صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

شیئر: