سعودی عرب میں موٹرسائیکلوں کی درآمد کیوں بڑھ رہی ہے؟
ایک برس میں 258.5 ملین ریال کی موٹرسائیکلیں درآمد کی گئی ہیں (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب میں گزشتہ برس موٹرسائیکلوں کی امپورٹ میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ درآمد کی جانے والی تعداد 61 ہزار سے زائد رہی۔
اقتصادیہ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران سعودی عرب میں 258.5 ملین ریال کی موٹرسائیکلیں درآمد کی گئی ہیں جبکہ سال 2022 میں 189.2 ملین ریال اس مد میں خرچ ہوئے۔ سب سے مہنگی موٹرسائیکل کی قیمت 3 لاکھ 91 ہزار ریال کی تھی جو فرانس سے درآمد کی گئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق سال رواں جنوری اور فروری میں 13 ہزار سے زیادہ موٹر سائیکلیں جن کی مالیت 41 ملین ریال تھی درآمد کی گئیں۔
رواں برس کے پہلی سہہ ماہی میں ڈلیوری سروس کی مد میں لائٹ ٹرانسپورٹ کی طلب میں ہونے والے اضافے ریکارڈ کیا گیا جس سے موٹرسائیکلوں کی طلب زیادہ رہی۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا فوڈ ڈلیوری کے شعبے میں موٹرسائیکلوں کی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے طلب بڑھ گئی۔
سروے رپورٹ کے مطابق پانچ ممالک سے مملکت میں موٹرسائیکلیں امپورٹ کی گئی ہیں۔
سال 2020 میں سب سے زیادہ چین سے 16 ہزار 600 جبکہ بھارت سے 2200 ، تائیوان سے 2400 ، جاپان سے 2100 اور امریکہ سے 1800 موٹرسائیکلیں درآمد کی گئیں۔
رواں برس جنوری اورفروری میں بھی چین سے سب سے زیادہ موٹرسائیکلیں درآمد کی گئیں جن کی تعداد 8800 تھی جبکہ انڈیا سے 4 ہزار ، جاپان سے 442 ، امریکہ سے 268 اور تائیوان سے 130 موٹرسائیکلیں سعودی عرب امپورٹ ہوئیں۔