حیدرآباد میں ایک شخص نے بھتیجی اور بھابی کو کمرے میں بند کر کے ’دیوار چنوا‘ دی
پولیس کے مطابق ملزمان فرار ہو گئے ہیں اور ان کی تلاس جاری ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں جائیداد کے تنازعے پر ایک شخص نے اپنی بھتیجی اور بھابھی کو کمرے میں بند کر کے ’دیوار چنوا‘ دی۔
حیدرآباد پولیس کے مطابق خاتون اور اس کے دیور کے درمیان مکان کی ملکیت پر تنازع چل رہا تھا۔
سنیچر کو حیدرآباد پولیس کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا کہ خاتون بیوہ ہے اور اس کا دیور مکان پر قبضہ کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون کے دیور نے کمرے کے دروازے کی جگہ پر اینٹیں لگا کر اس کو مکمل بند کر دیا، اس وقت خاتون اور بیٹی کمرے میں سو رہے تھے۔ تاہم ان کے پاس موبائل فون موجود تھے جس سے انہوں نے ون فائیو کو اطلاع دی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیوار توڑی اور خاتون اور بچی کو بحفاظت نکال لیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون اور ان کی بیٹی تقریباً 9 گھنٹے کمرے میں بند رہے۔
خاتون کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے تاہم پولیس نے بتایا کہ ملزمان فرار ہو گئے ہیں اور ان کی تلاس جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر پانچ میں پیش آیا ہے۔