عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل، ہوائی اڈوں پر اضافی کاؤنٹرز
عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل، ہوائی اڈوں پر اضافی کاؤنٹرز
ہفتہ 29 جون 2024 10:44
سرحدی چوکیوں پر تربیت یافتہ عملے کو تعینات کیا گیا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ڈائریکٹریٹ جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کا کہنا ہے کہ نئے عمرہ سیزن کےلیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے ہوائی اڈوں پر اضافی امیگریشن کاونٹرز قائم کردیئے گئے ہیں۔
اخبار 24 نے محکمہ جوازات کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے سال 1446 ھجری کے عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان کیے جانے کے بعد جدہ اور مدینہ منورہ کے ہوائی اڈوں اوربری سرحدی چوکیوں پر عمرہ زائرین کے استقبال کے لیےتمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ہوائی اڈوں پرایسے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو مختلف زبانوں کی کافی معلومات رکھتے ہیں ۔ ایسے اہلکاروں سے زائرین کو کافی سہولت ہوتی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کا مزید کہنا تھا کہ مملکت آنے والے عمرہ زائرین امیگریشن قوانین کا خاص خیال رکھیں۔ ویزے کی مدت مکمل ہونے سے قبل اپنے مقررہ وقت پر واپسی کے سفر کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں۔
واضح رہے امسال سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان 14 ذوالحجہ 1445 کو ہی کردیا گیا تھا ۔
وزارت حج کے اعلان کے ساتھ ہی تمام سرکاری اداروں نے عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے تیاریاں شروع کردیں اس حوالے سے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے تمام ہوائی اڈوں اور بری و سمندری چوکیوں پر اضافی عملہ تعینات کردیا جبکہ کاونٹرز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی۔